کوالالمپور (نیوز ڈیسک) ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے حماس کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔
فلسطینیوں کے حق میں نکالی گئی ریلی سے خطاب میں وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا متفقہ طور پر فلسطین کاز کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
امریکی قانون سازوں کی جانب سے حماس کی غیرملکی سپورٹ پر پابندی کے منصوبے پر ردعمل دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملائیشیا حماس کی حمایت جاری رکھے گا اور ہم حماس پر کسی پابندی یا سزا کے لیے تیار نہیں۔
ملائیشین وزیر اعظم سے حزب اختلاف کے رکن نے سوال کیاتھا کہ گزشتہ ہفتے امریکی ایوان نمائندگان میں حماس کے غیر ملکی سپورٹرز پر پابندی کے لیے پیش کی گئی قرارداد پر آپ کی حکومت کا کیا مؤقف ہے؟
حزب اختلاف کے رکن اسمبلی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انور ابراہیم نے کہا کہ ہم کوئی بھی دھمکی قبول نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ امریکا کا یکطرفہ اقدام ہوگا جس کی کوئی حیثیت نہیں کیونکہ بطور رکن ہم صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلوں کی پاسداری کرنے کے پابند ہیں۔