کراچی (نیوز ڈیسک) ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میئر کراچی مرتضٰی وہاب کو نوٹس جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے میئر کراچی کو آج کی پریس کانفرنس میں ایک سیاسی جماعت کو سپورٹ کرنے پر مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ میئر کراچی ضابطۂ اخلاق کی شق نمبر 18 اور 41 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کے مطابق میئر، چیئرمین اور ناظم کسی سیاسی جماعت کو سپورٹ نہیں کرسکتے۔
الیکشن کمیشن کے نوٹس میں اس ضمن میں میئر کراچی مرتضٰی وہاب سے کل تک وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔
نوٹس میں الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ وضاحت نہ دینے کی صورت میں میئر کراچی مرتضٰی وہاب کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔