کراچی (نیوز ڈیسک) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے گورنر سندھ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کامران ٹیسوری فوری طور پر مستعفی ہوجائیں، ہم نہیں چاہتے کہ صوبے میں مزید الزامات کی سیاست ہو۔
شرجیل میمن نے کہا کہ خالد مقبول کا کوٹا سسٹم کی بات کرنا مناسب نہیں، ایم کیو ایم پاکستان کو نفرت اور تعصب کی سیاست کا شوق چڑھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے بیشتر مسائل کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے، کوٹا سسٹم بہت سوچ سمجھ کر لایا گیا تھا تاکہ دور دراز علاقوں کو موقع ملے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے نفرت کی سیاست کو بڑھائیں، شہید ذوالفقار بھٹو کیخلاف بات کرنے پر متحدہ قومی موومنٹ معافی مانگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ نفرت انگیز اور تعصب کی سیاست کا باب بند کرے، ہم نہیں چاہتے آپ نفرت اور بدتمیزی کی سیاست بڑھائیں۔