You are currently viewing سینیٹ کی گولڈن جوبلی پر پارلیمانی جمہوریت کے استحکام کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا، اسحاق ڈار

سینیٹ کی گولڈن جوبلی پر پارلیمانی جمہوریت کے استحکام کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا، اسحاق ڈار

اسلام آباد (ڈیسک) وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام پارلیمانی نظام کے تسلسل اور مالیاتی نظم و نسق میں ہے۔
بدھ کو ایوان بالا کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ سینیٹ کی 50 سالہ گولڈن جوبلی کی تقریبات کے موقع پر اظہار خیال میرے لئے اعزاز ہے جبکہ اس رنگا رنگ تقریب کے انعقاد پر چیئرمین سینیٹ اور ٹیم بھی مبارک باد کی مستحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایوان بالا کے 50 سال تاریخی سنگ میل ہیں۔ سینیٹ نے جمہوری اقدار کے استحکام ، حقوق کے تحفظ اور تمام صوبوں کی مساوی نمائندگی میں اہم کردار اداکیا۔ سینیٹ کی 50 سالہ کامیابیوں کاذکر کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں اس ادارے کی مضبوط تاریخ اور توقعات کو بھی سامنے رکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ سینیٹ آف پاکستان وفاق کی علامت اور تمام اکائیوں میں اتحاد و یکجہتی کے لئے نمایاں کردار کاحامل ہے، سینیٹ کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ہمیں ان صاحب بصیرت لیڈروں اور قانون سازوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے 1973 کا آئین دیا اور اس میں تمام صوبوں کو ایوان بالا میں رقبہ اور آبادی سے بالاتر ہو کر یکساں نمائندگی دی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سینیٹ کی گوگولڈن جوبلی کے موقع پر مساوات ، اجتماعیت ، صوبائی خودمختاری اور ملک میں پارلیمانی جہوریت کے استحکام کے لئے بھی اپنے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کی جانب سے وزیر خزانہ کو خصوصی شیلڈ دی گئی۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7