کراچی (ڈیسک) کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سندھ حکومت سے چار سینئر صحافیوں فوٹو جرنلسٹس اور کے یو جے کے علیل اراکین کے سرکاری خرچ پر علاج کا مطالبہ کردیا۔
کے یو جے کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری عاجز جمالی اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے اپنے بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن سے مطالبہ کیا ہے کہ سینئر فوٹو جرنلسٹس اور کے یو جے کے اراکین معین الحق، وقار حسین، عبدالعزیز نقشبندی اور خالد الیاس کا بلاتاخیر سرکاری خرچ پر علاج کرایا جائے۔ کے یو جے نے بیان میں کہا ہے کہ دونوں مایہ ناز فوٹو جرنلسٹس معین الحق اور وقار حسین نے پوری زندگی شاندار فوٹو گرافی کی ہے جو بیمار اور زیر علاج ہیں اسی طرح سینئر رپورٹرز عبدالعزیز نقشبندی اور خالد الیاس بھی شدید علیل ہیں۔ بیان میں کے یو جے نے سندھ حکومت کی توجہ مبذول کراتے ہوئے وزیر اطلاعات سے مطالبہ کیا ہے کہ چاروں سینئر صحافیوں کا ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال یا کسی بہتر اسپتال سےبلا تاخیر سرکاری خرچ پر علاج کروایا جائے۔ دریں اثناء کراچی یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں نے بیمار ساتھیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کے ساتھ کے یو جے کے تمام ارکان سے بھی اپیل کی ہے کہ بیمار ساتھیوں کے لیے دعا کا اہتمام کیا جائے۔