کراچی (ڈیسک) حکومت سندھ نے ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی سروس متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی سے جہاں اربوں روپے کے تیل کی بچت ہوگی وہیں عوام کو بھی سستی سفری سہولتیں مہیا ہوسکیں گی۔
انھوں نے کہا کہ الیکٹرک ٹیکسی سروس سے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کا موقع ملے گا جبکہ پنک ٹیکسی کے لیے خواتین ڈرائیورز کو رکھا جائے گا۔
الیکٹرک ٹیکسیز کے لیے چارجنگ اینڈ پارکنگ ڈیپو بھی بنائے جائیں گے۔
حکومت سندھ کی جانب سے ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی متعارف کروانے کا فیصلہ
— Sindh Information Department (@sindhinfodepart) May 25, 2023
وزیراطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس، سیکریٹری ٹرانسپورٹ سلیم راجپوت اور دیگر شریک
آئندہ مالی سال میں عوام کی سہولت کے لئے 500 نئی بسز خریدنے اور پیپلز بس سروس میں شامل… pic.twitter.com/tyh1QzVJRX
شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ مالی سال میں عوام کی سہولت کے لیے 500 نئی بسیں خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ 15 جون تک مزید 20 بسیں سندھ حکومت کو مل جائیں گی۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کراچی میں پیپلز بس سروس کی تمام بسوں کو روڈ پر لانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اورینج لائن، گرین لائن، ریڈ لائین بسوں کو آپس میں ملانے کے لیے فوری منصوبہ بندی کی جائے۔
مزید برآں انہوں نے حیدرآباد میں ہٹڑی سے کھیسانہ موری تک پیپلز بس سروس کا نیا روٹ شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔