You are currently viewing سندھ حکومت کا آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

سندھ حکومت کا آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

کراچی (ڈیسک) حکومت سندھ نے صوبے میں آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے کے لیے سستے آٹے کے اسٹال بڑھانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خوراک مکیش کمار چاولہ نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں سیکریٹری داخلہ سعید احمد منگریجو، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، سیکریٹری خوراک راجا خرم شہزاد عمر، سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن محمد حنیف چنہ، سمیت تمام ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر شریک ہوئے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے کہا حکومت سندھ نے سستے آٹے کے لیے 33 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے تا کہ صوبے کے عوام کو سستا آٹا فراہم کیا جا سکے، انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے احکامات دیئے ہیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ آٹے کی قیمتوں کو ہر صورت کنٹرول کیا جائے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے تمام ڈویژنل کمشنر زکو ہدایت دی ہے کہ وہ صوبے میں حکومت کے جانب سے قائم کیے گئے سستا آٹا اسٹال کا دورہ کریں اور عوام کو سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ سستا آٹا پوائنٹ پر سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلور مل کے جانب سے ذخیرہ اندوزی کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈائون کیا جائے گا اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ گندم کی 100 فیصد گریڈنگ یقینی بنائی جائے۔ صوبہ بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خوراک مکیش کمار چاؤلہ نے بتایا کہ صوبہ بھر میں سستے آٹے کے اسٹالز بڑھائے گئے ہیں، کراچی ڈویژن میں اب 27 کے بجائے 64 سستا آٹا پوائنٹس بنائے گئے ہیں اور ہر پوائنٹ پر 5 گاڑیوں کے ذریعے عوام کو سستا آٹا فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبائی سیکریٹری خوراک راجا خرم شہزاد عمر نے بتایا کہ میرپور خاص واقعہ پر ڈسٹرکٹ فوڈ آفیسر کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔