منامہ (نیوز ڈیسک) آرمی چیف سید عاصم منیر نے بحرین کا 2 روزہ سرکاری دورے میں بادشاہ حمد بن عیسٰی الخلیفہ اور بحرینی افواج کے کمانڈرز سے ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران بحرینی فرمانروا حماد بن عیسٰی الخلیفہ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن حماد الخلیفہ، بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈر فیلڈ مارشل خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسٰی الخلیفہ سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ فوجی اور سکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بحرینی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بحرین نیشنل گارڈ کے 27 ویں یوم تاسیس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تقریب میں انسداد دہشت گردی کی تربیتی مشق سے متعلق شاندار مظاہرے پیش کیے گئے۔
کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے بحرین نیشنل گارڈ کو ملٹری اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔
بحرینی فرمانروا نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں کردار ادا کرنے کے اعتراف میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ملٹری میڈل آرڈر آف بحرین فرسٹ کلاس سے بھی نوازا۔