ممبئی (ڈیسک) بالی ووڈ کی مشہور و معروف اداکارہ ، سابق مس ورلڈ سشمیتا سین نے تہہ دل سے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انسٹا گرام پر لائیو سیشن میں سشمیتا نے بتایا کہ گزشتہ دنوں انھیں دل کا شدید دورہ پڑا، انہیں فوری طورپر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کئی روز تک زیر علاج رہیں۔
اس دوران ان کی انجیو پلاسٹی ہوئی اور سرجری کر کے اسٹنٹ ڈالا گیا، ڈاکٹرز نے بتایا کہ ان کے دل کی ایک شریان 95فیصد بند تھی۔
سشمیتا نے اپنے مداحین سے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ میرے کچھ فالوورز یہ کہیں کہ میں تو باقاعدہ جم جاتی تھی پھر بھی دل کا دورہ پڑا ، جم جانے کا کیا فائدہ ہوا؟
انھوں نے کہا کہ آپ لوگ ضرور جم جائیں، جم کرنے کی وجہ سے ہی میں دل کے اس قدر شدید دورے کو برداشت کر پائی اور زندہ ہوں۔
سشمیتا کا کہنا تھا کہ میرے ایکٹو لائف اسٹائل کی وجہ سے ہی میں بچ سکی ہوں ، جم جانے کا فائدہ ہی ہوا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں اب صحت یاب ہو چکی ہوں اور آئندہ آنے والی اپنی ویب سیریز آریا کی شوٹنگ مکمل کروں گی۔
اس کے علاوہ فلم تالی کی ڈبنگ پر کام کرنا ہے، جیسے ہی ڈاکٹرز نے اجازت دی تو شوٹنگ کے لیے جے پور جانا پڑے گا، جس کے لیے میں تیار ہوں۔