کراچی (ڈیسک) خیبر پختونخوا سے اسلحہ اسمگل کرکے کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کو فروخت کرنے والا 5 رکنی گینگ پکڑا گیا، گرفتار ملزمان میں پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ کے مطابق نارتھ ناظم آباد نصرت بھٹو کالونی سے ملزمان محمد ذیشان عباسی، عباس عرف ارباز ،انور جان، عمران او رمحمد محسن کو گرفتار کرکے پانچ 9 ایم ایم پستول برآمد کرلیے گئے۔ ایس آئی یو کے مطابق گرفتار شدگان میں انور نامی ملزم پولیس اہلکار اور 15 تھانہ پاپوش نگر میں تعینات ہے۔ ایس آئی یو کے مطابق ملزمان کے نیٹ ورک میں ایبٹ آباد کے ڈی پی او آفس میں تعینات اہلکار فیضان بھی شامل ہے جو ملزم ذیشان عباسی کا قریبی رشتہ دار ہے۔ ایس آئی یو نے بتایا کہ گروہ میں شامل دیگر ملزمان خیبر پختونخوا درہ آدم خیل سے اسلحہ ایبٹ آباد منتقل کرکے فیضان کے حوالے کرتا تھا بعدازاں ملزم فیضان اپنی آرمز کی دکان میں اسلحہ کو مٹھائی کے ڈبوں میں پیک کرکے کوچ سروس کے ذریعے کراچی میں سہراب گوٹھ اور لسبیلہ منتقل کرتا رہا ہےجہاں سے انور نامی ملزم وردی کا استعمال کرتا رہا ہے۔گرفتار ملزمان کراچی میں بس اڈوں سے مٹھائی کے ڈبوں میں بند اسلحہ وصول کرکے شہر میں موجود جرائم پیشہ عناصر کو فروخت کرتے رہے ہیں۔ تھانہ ایس آئی یو میں ملزمان کے خلاف سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔