کراچی (ڈیسک) پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ضرورت مند مہاجرین کی مدد جاری رکھے۔
ماہرہ خان نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر حکومت پاکستان اور اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین سے افغان مہاجرین کی مدد جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنی پوسٹ میں اداکارہ نے لکھا کہ کوئی بھی اپنی مرضی سے اپنا گھر نہیں چھوڑتا۔
انھوں نے مزید لکھا کہ مجھے تحفظ، وقار اور عزت کی تلاش میں رہنے والوں کے ساتھ مہمان نوازی کی اپنی پاکستانی روایت پر فخر ہے۔
ماہرہ کا کہنا تھا کہ 40سال ہم نے ضرورت مند افغان بھائیوں اور بہنوں کو تحفظ فراہم کیا ، انھوں نے کہا کہ اب بھی بہت سے لوگوں ہماری مدد اور شفقت کی ضرورت ہے کیونکہ اپنے وطن واپس جانے پر وہ خطرہ محسوس کر رہے ہیں۔
ماہرہ خان نے پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ میں حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ ان لوگوں کی مدد جاری رکھے جو ضرورت مند ہیں۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان کے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم 1.7ملین غیر ملکیوں کے انخلاء کا حکم جاری ہونے کے بعد سے 1لاکھ سے زائد افراد افغانستان واپس جا چکے ہیں۔