You are currently viewing حتمی احتجاج، بشریٰ بی بی نے پی ٹی آئی کے ارکان پنجاب اسمبلی کو طلب کرلیا

حتمی احتجاج، بشریٰ بی بی نے پی ٹی آئی کے ارکان پنجاب اسمبلی کو طلب کرلیا

پشاور (نیوز ڈیسک) بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے تحریک انصاف کے ارکان پنجاب اسمبلی کو آج پشاور طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی ارکان پنجاب اسمبلی سے ملاقات میں 24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے مشاورت کریں گی اور بانی پی ٹی آئی کا اہم پیغام بھی ارکان اسمبلی تک پہنچائیں گی۔
قبل ازیں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سیاست میں باضابطہ انٹری کی خبر زیر گردش تھی۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے 13 نومبر کو پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت کو پشاور بلا کر میٹنگ کی اور انہیں 24 نومبر کے احتجاج کی حکمت عملی کے احکامات دیے، بشریٰ بی بی نے 24 نومبر کے احتجاج کی تیاریوں کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دی ہیں۔
ذرائع کے مطا بق پنجاب اور خیبرپختونخوا کی پارٹی قیادت کو حتمی منظوری کے لیے بشریٰ بی بی کا پابند کردیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی یکم نومبر سے پارٹی فیصلوں میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
تاہم بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے ان کی سیاست میں انٹری کی تردید کرتے ہوئے انہیں غیر سیاسی خاتون قرار دیا۔
مشال یوسفزئی نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ بشریٰ بی بی نے کوئی سیاسی انٹری نہیں دی، سابق خاتون اول کی سیاسی سرگرمیوں سے متعلق خبریں من گھڑت ہیں۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.