اسلام آباد (ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف ملک گیر احتجاج کی اپیل کر دی۔
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ تمام امت مسلمہ اس افسوس ناک اور مکروہ فعل پر افسردہ اور غمزدہ ہے، انھوں نے کہا کہ مغربی دنیا کا ایسا اظہار رائے ہر گز قابل قبول نہیں جس میں الہامی اور مقدس کتابوں کے تقدس کو پامال کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلمان تمام آسمانی کتابوں کا احترام کرتے ہیں اور ان کی شان میں کمی کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔
انھوں نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو پورے ملک میں سویڈن کے رویے کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوں۔
سرراہ جے یو آئی نے کہا کہ اس سلسلے میں سب سے بڑا مظاہرہ کراچی میں ہو گا ، میں خود اس مظاہرے میں شریک ہوں گا ، پاکستان کے تمام شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ سڑکوں پر آ کر سویڈن کے رویے کے خلاف بھرپور احتجاج میں شریک ہوں۔