کراچی (ڈیسک) جناح اسپتال میں ٹک ٹاکر کی لاش چھوڑ کر فرار ہونے والا ملزم آخرکار پکڑا گیا۔
ایس ایس پی جنوبی اسد رضا کے مطابق ملزم جبران عرف جمی کو سی سی ٹی وی کے ذریعے شناخت کے بعد ڈیفنس کے علاقے سے چھاپے کے دوران پکڑ لیا گیا جس سے تفتیش کی جارہی ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق ہلاک ہونے والی لڑکی کا والد بھی کراچی پہنچ گیا ہے جس کا بیان قلمبند کیا جارہا ہے جس کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔
قبل ازیں ٹک ٹاکر عائشہ کی ساس اور شوہر کو بھی پولیس حراست میں لے چکی ہے جبکہ جس گاڑی میں لاش اسپتال لائی گئی تھی اسے کرائے پر حاصل کرنے والا شخص بھی پولیس کی حراست میں ہے۔
پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کا بھی انتظار ہے جس میں موت کی وجہ کا تعین ہوسکے گا جس کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ہفتےکی صبح کراچی کے جناح اسپتال میں کار سوار جوڑا لڑکی کی لاش چھوڑ کر فرار ہوا تھا۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق لڑکی کو صبح ساڑھے7 بجے مردہ حالت میں ڈیفنس سے اسپتال لایا گیا تھا۔