کراچی (نیوز ڈیسک) نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے بڑھتے جرائم کی رپورٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہر سے 100 موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئیں اور 18چھینی گئیں جبکہ 5 گاڑیاں چوری ہونے کے علاوہ 3 افراد کو قتل اور 17 کو زخمی کردیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ بڑھتے جرائم سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پولیس کی جرائم کے خاتمے پر توجہ نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ نے پوچھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پولیس نے کتنے اسٹریٹ کرمنلز پکڑے اور کتنی پیٹرولنگ کی؟ اس کی رپورٹ دی جائے۔
انھوں نے آئی جی سندھ کو حکم دیا کہ ایس ایچ اوز سمیت جو پولیس افسران کرائم کنٹرول نہیں کر پا رہے ان کو گھر بھیجیں۔