You are currently viewing بے پناہ مہنگائی: خشک میوے عام آدمی کی پہنچ سے دور، مونگ پھلی پر گزارہ

بے پناہ مہنگائی: خشک میوے عام آدمی کی پہنچ سے دور، مونگ پھلی پر گزارہ

اسلام آباد (ڈیسک) سردی آتے ہی مہنگائی کی وجہ سے خشک میوہ جات عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئے۔
سرد موسم شروع ہوتے ہی خشک میوہ جات مونگ پھلی،اخروٹ،کاجو،بادام،انجیر ودیگر کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے، شہریوں کا خشک میوہ جات خرید نے کیلئے ٹھیلوں اور دکانوں پررش بڑھنے لگا، دکانداروں نے بھی اپنے من مرضی کے ریٹ لگانے شروع کردیے ہیں۔خشک میوہ جات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ متوسط اورغریب طبقے کے افراد صرف بھائو پوچھنے تک ہی محدود ہو کر رہ گئے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ملک کے اندر پیدا ہونے والے خشک میوہ جات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے، شہریوں کاانتظامیہ سے خشک میوہ جات کی قیمتیں مناسب متعین کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دکانداروں کی طرف سے خشک میوہ جات کی جوقیمتیں بتائی گئیں، ان کے مطابق نارمل کوالٹی کی مونگ پھلی 450 روپے سے 650 ر وپے تک، چلغوزہ 5000 ہزار سے 6500 روپے کلو تک، پستہ 2400 روپے کلو سے 3000 روپے کلو تک، عام کوالٹی کی کھجوریں 350 روپے سے 700 روپے تک، بادام گری 1600 سے 2000 روپے کلو تک ہے۔
اس طرح دیگرمیوہ جات کی قیمتیں بھی عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہیں جبکہ سردی کے موسم خشک میوہ جات بچوں اور بزرگ افراد کو سردی سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں ۔لیکن عام متوسط طبقہ کی ان کو خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتا۔
شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ خشک میوہ جات کی قیمتیں متعین کریں تاکہ دکاندار من مانی قیمتیں وصول نہ کر سکیں اور ایک عام اور متوسط طبقہ بھی اس نعمت سے دائرہ اٹھا سکے ۔