کراچی (ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بھٹو 43 سال قبل عدالتی قتل کے بعد بھی دلوں پر حکمرانی کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یومِ ولادت پر جاری بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کریں گے۔ آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بھٹو 43 سال قبل عدالتی قتل کے بعد بھی عوام کے دلوں پر حکمرانی کر رہے ہیں۔
ان کے مزار پر کروڑوں لوگ اپنے عقیدے کے مطابق دعاؤں کے تحفے ان کے نام کرتے ہیں، قاتلوں اور قتل کی سازش میں شریک کرداروں کی قبریں ویران ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھٹو نے 3 سال کی مختصر مدت میں عوامی شعور کی ایسی شمع روشن کی جس کی وجہ سے عوام کا استحصال کرنے والے طبقات کے قلعے زمین بوس ہوگئے۔ سابق صدر کا مزید کہنا ہے کہ بھٹو شہید نے 5 سال میں ایک نئے پاکستان کی تعمیر کی، ایٹمی صلاحیت کے لیے طاقتور قوتوں سے ٹکرلی۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان بے مثال ترقی کی منزلیں طے کرنے لگا تو اقتدار کے لالچی ٹولے نے انتہائی حقیر مقاصد کی خاطر اپنے ملک پر قبضہ کرلیا۔