کراچی(ڈیسک) وزیر خاجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف غیراخلاقی زبان استعمال کرنے پر سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید پر کراچی میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
موچکو تھانے میں خدا بخش کی مدعیت میں مقدمہ 2023/40 درج کیا گیا، جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 506/504/153 شامل کی گئی ہیں۔ درج مقدمہ کے متن کے مطابق مواچھ گوٹھ محلہ نور شاہ سومار گوٹھ کے رہائشی پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن خدا بخش نے بیان دیا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی جانب سے اسلام آباد پولی کلینک اسپتال میں وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرنے پر ہزاروں کارکنوں میں اشتعال پھیل گیا اور وہ سڑک پر نکل آئے جنہیں بڑی مشکل سے روکا۔ مقدمہ مدعی کے مطابق شیخ رشید نے امن و امان خراب، تصادم اور خونریزی اور اشتعال پھیلانے کی سازش کی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ اندراج کے بعد شیخ رشید کی گرفتاری کے لیے پولیس پارٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کی خصوصی ٹیم شیخ رشید کو گرفتار کرکے کراچی منتقل کرنے کے لیے اسلام آباد روانہ کردی گئی ہے۔