You are currently viewing بابا گرونانک کے 555 ویں جنم دن کی مناسبت سے آئی ایل ایف کے تحت تقریب

بابا گرونانک کے 555 ویں جنم دن کی مناسبت سے آئی ایل ایف کے تحت تقریب

کراچی (نیوز ڈیسک) بابا گرونانک کے 555 ویں جنم دن کی مناسبت سے انٹرنیشنل لائرز فورم کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
آئی ایل ایف کے چیئرمین ناصر احمد ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھوں کو ملک بھر میں کرپان لے کر چلنے کی خصوصی اجازت دی جائے۔
انہوں نے کہاکہ سکھ برادری کے لیے کراچی میں 100 ایکڑ اراضی پر مشتمل کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی قائم کی جائے جبکہ اقلیتوں کے لیے اراکین پارلیمنٹ کا کوٹہ ختم کرکے میرٹ پر تقرریاں کی جائیں کیونکہ ارکان پارلیمان اقلیتی برادری کی اسامیوں کو فروخت کرتے ہیں۔
قبل ازیں آئی ایل ایف سیکریٹریٹ آمد کے موقع پر آئی ایل ایف اراکین اور سول سوسائٹی نے سکھ وفد پر گل پاشی کی، انہیں گلدستے پیش کیے اور ہار پہنائے۔
تقریب سے ہندو مہاراج کونسل کے سربراہ مہاراج وجے کمار، مہاراج روی چوہان، مہاراج گوپال، کرسچن کمیونٹی کے فادر آصف، سسٹر زرین، سسٹر انجلینا، پارسی کمیونٹی کے مینو بھاڈیہ، سکھ رہنما سردار دیال سنگھ، سردار ہری سنگھ، سردار پنوں سنگھ، بہائی کمیٹی کے خان احسان خان، سریش، سردار انیل سنگھ و دیگر کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جبکہ گرمکھ سنگھ نے ہرداس (خصوصی دعا) کراتے ہوئے ملک و قوم کی سلامتی، فلسطین و غزہ اور کشمیر کی آزادی سمیت دنیا بھر کی مظلوم قوموں، پاک فوج کے شہداء کی بلندی درجات، رینجرز، سیکورٹی فورسز، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سلامتی کے لیے دعائیہ سیشن کا اہتمام کیا۔
اس موقع پر ایڈووکیٹ جمشید علی خواجہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور شرکاء میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔
کمپیئرنگ کے فرائض بیرسٹر جعفر عباس جعفری نے سرانجام دیے۔