You are currently viewing بابائے خدمت   عبدالستار ایدھی کو ہم سے بچھڑے دو برس بیت گئے

بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کو ہم سے بچھڑے دو برس بیت گئے

راچی(ڈیسک ):پاکستان سمت دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کرنے والے عظیم شخصیت عبدالستار ایدھی کی اتوار8جولائی دوسری برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے ۔

متحدہ ہندوستان کے علاقے گجرات(بانٹوا)میں 1928 کو پیدا ہونے والے عبدالستار ایدھی تقسیم ہند کے بعد 1947 میں ہندوستان سے ہجرت کرکے پاکستان آگئے۔کراچی میں بسنے والے عبد الستار ایدھی نے بچپن ہی سے کڑے وقت کا سامنا کیا، ان کی والدہ پر فالج کا حملہ ہوا تھا جس سے وہ ذہنی و جسمانی معذروی کا شکار ہو کر بستر سے جا لگی تھیں، جس کے بعد اس ننھے بچے نے کراچی کی سڑکوں پر اپنی ماں کے علاج کی غرض سے دردر کی ٹھوکریں کھائیں تاہم ماں کی نگہداشت کے لیے ایک بھی ادارہ نہ پایا تو سخت مایوسی میں مبتلا ہو گئے اور اکیلے ہی اپنی کا ماں کی نگہداشت میں دن ورات ایک کردیئے۔اسی ابتلا اور پریشانی کے دور میں انہیں ایک ایسے ادارے کے قیام کا خیال آیا جو بے کسوں اور لاچار مریضوں کی دیکھ بھال کرے، اپنے اسی خواب کی تعبیر کے لیے عبد الستارایدھی نے 1951 میں صرف پانچ ہزار روپے سے ایک کلینک کی بنیاد رکھی، یہ کلینک کراچی کے علاقے کھارادر میں کھولا گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ایسے کئی رفاحی کلینک کا جال پورے ملک میں پھیلا دیا۔

دوسری جانب ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینسس بد سے بد ترین حالت میں بھی زخمیوں اور لاشوں کو اٹھانے سب سے پہلے پہنچ جاتی ہیں،میتوں کے سرد خانے اور غسل و تدفین کا ذمہ بھی ایدھی صاحب نے اٹھایا اور تعفن زدہ لاشوں کو اپنے ہاتھوں سے غسل دینا شروع کیا۔عبدالستار ایدھی مذہب وفرقے، رنگ و نسل اور ادنی و اعلی کی تفریق کے بغیرسب کی خدمت کے لیے ہمہ وقت مگن رہتے، وہ اپنے ادارے کے لیے سڑکوں پر، گلیوں میں در در جا کر چندہ اکھٹا کرتے اور اسے انسانیت کی خدمت میں لگا دیتے اور اپنی ذات پر گھر واہل و عیال پر سادگی اور میانہ روی اپنائے رکھتے۔ہزاروں یتیموں کے والد بے سہاروں کا سہارا اپنی سماجی خدمات میں بے مثال عبدالستار ایدھی 8 جولائی 2016 میں گردوں کے عارضے میں مبتلا ہوکر 88 سال کی عمرمیں اس دنیائے فانی سے کوچ کرگئے۔

عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں گزشتہ سال مارچ میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ان کے نام کا یادگاری سکہ جاری کیا تھا۔عبدالستارایدھی انسانیت کی خدمت کیلے بنائی گئی ایدھی فانڈیشن کے تاحیات صدر رہے۔ایدھی فاؤنڈیشن کی شاخیں تمام دنیا میں پھیلی ہوئی ہیں۔مرحوم عبدالستارایدھی کی بیوی بلقیس ایدھی اب ایدھی فاؤنڈیشن کی سربراہ ہیں جبکہ ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے والدکے مشن کو آگے بڑھائیں گے ۔عبداالستارایدھی کی روح کے ایصال ثواب کیلے پاکستان بھر میں قائم ایدھی سینٹر میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیااور ان کے لیے خصوصی طور پر دعائیں کی گئیں ۔

(این این آئی)