اسلام آباد(ڈیسک)ایڈمرل امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کے نئے سربراہ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
نیول ہیڈ کوارٹر پی این ایس ظفر میں پاک بحریہ کے سربراہ کی کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں غیر ملکی سفیروں سمیت اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔
پاک بحریہ کے دستے نے سبکدوش ہونے والے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ایڈمرل امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کی کمان سونپی۔ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔
کمان کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کے نئے سربراہ امجد نیازی کو مبارکباد پیش کی۔
ایڈمرل ظفر عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر خصوصی توجہ دی، 4چینی فریگیٹ آئندہ 2 برس میں پاک بحریہ میں شامل ہوں گے، پی این ایس یرموک پاکستان نیوی کا حصہ بن گیا ہے اور پی این ایس ہیبت کی کیمیشننگ رواں سال کے آخر میں ہوگی۔
ایڈمرل ظفر محمود کا کہنا تھا کہ گوادرمیں بحری اڈہ قائم کیا جا رہاہے، میرین ٹریننگ سینٹر کراچی سے گوادر منتقل کردیا گیا ہے ۔