کراچی (ڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کی ایک بار پھر وطن واپسی ہو گئی۔
اطلاعات کے مطابق متحدہ رہنما غیر ملکی پرواز کے ذریعے دبئی سے کراچی ایئر پورٹ پہنچے جہاں سے وہ اپنی رہائش گاہ کی جانب روانہ ہوئے۔
گزشتہ دنوں ایم کیو ایم رہنما بابر غوری کی بیٹی کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی تھی جس پر عدالت نے ان کی ضمانت منظور کر لی تھی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے متحدہ رہنما بابر غوری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہوئے تھے جو بعد ازاں معطل کر دیے گئے تھے۔
بابر غوری کے بیرون ملک ہونے کے باعث ان کی غیر موجودگی میں اہل خانہ کی جانب سے ضمانت کی درخواست پر عدالت نے حفاظتی ضمانت منظور کر لی تھی، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ بابر غوری عدالتوں کا سامنا کرنا چاہتے ہیں، اس لیے حفاظتی ضمانت جاری کی جائے۔
یاد رہے کہ بابر غوری نیب میں بھی انتہائی مطلوب ہیں۔