کراچی (ڈیسک) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سابق سٹی ناظم کراچی مصطفی کمال ایم کیو ایم کے مختلف دھڑوں کے اتحاد پر متفق ہو گئے ہیں۔ گزشتہ شب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پی ایس پی آفس پاکستان ہائوس میں مصطفیٰ کمال اور دیگر قیادت سے ملاقات کی، اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ گورنر سندھ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
سربراہ پی ایس پی نے کہا کہ اچھی بات ہے کامران ٹیسوری محض گورنر ہائوس تک محدود نہیں رہے بلکہ انھوں نے آگے بڑھ کر شہر کی ترقی ، خوش حالی اور سیاسی بہتری کے بارے میں سوچا۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت ملکی معاشی حالات اچھے نہیں ہیں، کوئی بھی پارٹی اکیلے ان حالات میں سدھار نہیں لا سکتی، سب کو مل جل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے اور تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے ملک اور کراچی کو بچانا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی نے ہمیشہ انقلابی فیصلے کیے، آج کراچی میں ماضی جیسی صورت حال نہیں ہے جب روزانہ کی بنیا دپر لاشیں گرا کرتی تھیں، کراچی آج امن کا گہوارہ ہے، سب مل جل کر رہ رہے ہیں، کراچی کے مسائل ہم نے مل جل کر حل کرنے ہیں، کوئی باہر سے ان مسئلوں کو حل کرنے کے لیے نہیں آئے گا۔
شہر کے حقوق کے لیے کام کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے مختلف دھڑے مل کر پیپلز پارٹی کے خلاف کوئی محاذ نہیں بنا رہے، جہاں پیپلز پارٹی اچھا کام کرے گی ان کی تعریف کریں گے، کچھ غلط ہو گا تو رہنمائی کریں گے۔
کامران ٹیسوری کو بھائی کہا ہے، یہ ہمارے پاس آئے ہیں، ہماری ملاقات پاکستان اور کراچی کی بہتری کے لیے ہے۔ کوئی اس کو منفی نہ لے۔
مصطفی کمال نے کہا کہ ہماری وزیر اعظم شہباز شریف سے بات ہوئی، انھوں نے کہا کہ کراچی پر توجہ دیں، کراچی کا پانی اور بجلی کے نظام درست ہونا چاہیے۔ جو بھی شہر کی ترقی کی بات کرے گا ہم اس کے ساتھ مل کر چلنے کے لیے تیار ہیں۔ پہلے بھی کراچی بنایا تھا، اب بھی اسی جذبے کو آگے بڑھائیں گے۔