کراچی (ڈیسک) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل منظور قادر کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس بی سی اے کے سابق افسران منظور قادر اور خیر محمد ڈاہری کو نسلہ ٹاور کیس میں ضمانتیں منسوخ ہونے پر گرفتار کیا گیا۔
انسداد بدعنوانی عدالت نے دونوں ملزموں کی ضمانتیں منسوخ کر دیں۔
نسلہ ٹاور کیس کے تفتیشی افسر زاہد میرانی نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ منظور قادر کاکا نے نسلہ ٹاور کی غیر قانونی منظوری دی تھی۔
سپریم کورٹ نے غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ نسلہ ٹاور گرانے کا حکم دیا تھا جب کہ پروجیکٹ کی منظوری دینے والے اس وقت کے ڈی جی ایس بی سی اے کے خلاف مقدمہ قائم کرنے کے احکام بھی جاری کیے تھے۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ 26جولائی کو عدالت نے منظور کاکا کی عبوری ضمانت منظور کی تھی، آج عدالت نے ان کی ضمانت منسوخ کر دی جس پر اینٹی کرپشن نے منظور کاکا اور خیر محمد ڈاہری کو گرفتار کر لیا۔