اسلام آباد(ڈیسک)31 دسمبر 2020 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران انڈس موٹر کمپنی کے منافع میں 200 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر تا دسمبر 2020 کے دورا ن انڈس موٹر کمپنی کو 2.96 ارب روپے منافع حاصل ہوا ہے جبکہ اکتوبر تا دسمبر 2019 کے دوران آئی ایم سی کی آمدنی 985.8 ملین روپے رہی تھی۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران آئی ایم سی کے منافع میں 200 فیصد یعنی 1.974 ارب روپے سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح اکتوبر تا دسمبر 2020 کے دوران کمپنی کی فی حصص آمدنی 37.60 روپے تک پہنچ گئی جبکہ اکتوبر تا دسمبر 2019 کے لئے انڈس موٹر کمپنی کو 12.54 روپے فی حصص آمدنی ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ کمپنی نے اپنے حصہ دروں کے لئے 25 روپے فی حصص وسط مدتی کیش ڈیوڈنڈ کی منظوری بھی دی ہے جس سے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے لئے حصہ داروں کے لئے ڈیوڈنڈ 37 روپے فی حصص تک بڑھ گیا۔