You are currently viewing امریکی سینیٹ نے بھاری اکثریت سے پاکستانی نژاد زاہد قریشی کو وفاقی جج مقرر کرنے کی منظوری دے دی

امریکی سینیٹ نے بھاری اکثریت سے پاکستانی نژاد زاہد قریشی کو وفاقی جج مقرر کرنے کی منظوری دے دی

  • Post author:
  • Post category:سیاست
  • Post last modified:11/06/2021 17:32
  • Reading time:1 mins read

واشنگٹن (ڈیسک)پاکستانی نژاد زاہد قریشی امریکا کی وفاقی عدالت کے پہلے مسلمان امریکی وفاقی جج مقرر ہوں گے۔ اس سلسلے میں سینیٹ میں گزشتہ روز ہونے والی ووٹنگ میں صدر جو بائیڈن کی طرف سے نامزد پاکستانی نژاد زاہد قریشی کی حمایت 83 اور مخالفت میں  16 ووٹ پڑے۔

وہ نیو جرسی ڈسٹرکٹ کی عدالت میں وفاقی جج کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ سینیٹ نے 2 دیگر وفاقی ججوں کی تقرری کی بھی منظوری دے دی۔زاہد قریشی کی بطور پہلے مسلم امریکی فیڈرل جج تقرری سے پاکستانی کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ان کی تقرری کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیا ہے۔ سینیٹ میں اکثریتی رہنما چک شومر نے کہا کہ زاہد قریشی امریکی تاریخ میں پہلے مسلمان وفاقی جج ہوں گے جو امریکا کا تیسرا سب سے بڑا مذہب ہے۔ ہمیں نہ صرف اپنی آبادی کے تنوع بلکہ پیشہ ورانہ تنوع کو بھی وسعت دینا چاہئے۔ میں سمجھتا ہوں کہ صدر بائیڈن بھی مجھ سے اس بات پراتفاق کریں گے کہ زاہد قریشی اس کی ایک مضبوط مثال ہوں گے۔وفاقی جج کے طورپر زاہد قریشی کے نام کی تجویز پیش کرنے والے نیو جرسی کے ڈیموکریٹ سینیٹر کوری بوکر نے زاہد قریشی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ضمیر کی آواز کا اظہار کرنے والے اور محب وطن شخص ہیں اور وہ ایک مسلمان بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذہبی تنوع اور مذہبی تنوع کا جشن منا رہے ہیں۔ یہ ایک انتہائی غیر معمولی موقع ہے اور مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ دونوں جماعتیں اس خوشی میں شامل ہیں۔زاہد قریشی کے والد پاکستانی تارک وطن ہیں۔ وہ نیویارک سٹی میں پیدا ہوئے اور نیوجرسی میں پلے بڑھے ہیں جہاں انہوں نے ریوٹزر لا سکول سے قانون میں ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے 2001 میں ایک لا فرم میں ملازمت اختیار کی لیکن 11 ستمبر 2001 کے واقعہ کے بعد انہوں نے امریکی فوج میں شمولیت اختیار کر لی۔ایک فوجی وکیل کے طورپر خدمات انجام دیتے ہوئے وہ کیپٹن کے رینک تک پہنچے۔ انہیں 2004 سے 2006 کے درمیان عراق میں تعینات کیا گیا۔ فوجی خدمات چھوڑدینے کے بعد انہوں نے پہلے امریکا کے محکمہ داخلی سلامتی کے لیے اور پھر نیوجرسی میں امریکی اٹارنی کے دفتر میں کام کیا۔ 2019 میں انہیں نیوجرسی میں مجسٹریٹ مقرر کیا گیا اور اب وہ ریاست میں وفاقی عدالت کی بنچ میں جج کے طورپر کام کرنے والے پہلے ایشیائی امریکی مسلم جج بن گئے ہیں۔زاہد قریشی امریکی قانون اور نظام انصاف میں کام کرنے کا طویل تجربہ رکھتے ہیں اور انہیں ریاستی اور وفاقی سطح پر جرائم کے پیچیدہ مقدمے لڑنے اور کارپوریشنوں میں تفتیش کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.