اقوام متحدہ (ڈیسک)اقوام متحدہ نے افغانستان کے صوبہ بغلان میں بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے والی شراکت دار ایجنسی ہالو ٹرسٹ کے کارکنوں کے خلاف حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
افغانستان کے صوبہ بغلان کے ضلع بغلان مرکزی میں گزشتہ روز مسلح افراد کی ہالو ٹرسٹ کے کیمپ پر فائرنگ سے 10 کارکن ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے تھے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے گزشتہ روز نیویارک میں میڈیا بریفنگ کے دوران اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہالو ٹرسٹ عالمی شراکت دار ایجنسی ہے جو آپریشنز کے دوران بارودی سرنگوں اور دیگر دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے اور غریب لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے کام کرتی ہے ۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ افغانستان میں عوامی خدمات جاری کرنے کا عزم رکھتی ہے اس لیے ہم اس حملے میں ملوث عناصر کے خلاف غیرجانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنانے اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ ترجمان نے فریقین پر زور دیا کہ وہ شہریوں، امدادی کارکنوں ، ابین الاقوامی انسانی حقوق ، شہری ڈھانچوں جیسے سکولوں اور ہسپتالوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ اینڈ ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رمیز الاکبروف نے حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔