اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا غزہ میں قتل عام اور بھارت کی مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔
عالمی یوم امن کے موقع پر پیغام میں صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ آج دنیا کو مختلف علاقوں میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور تنازعات کا سامنا ہے، تنازعات عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، ہم سب کو اقوام عالم کے مابین امن، رواداری اور بقائے باہمی کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔
ان کا کہنا تھا اسرائیل نے فلسطین میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے، اسرائیل غزہ میں ہزاروں لوگوں کے قتل عام سے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے جبکہ مودی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے، مودی حکومت بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنا رہی ہے، بھارت مسلمانوں کے بنیادی حقوق سلب کر رہا ہے۔
صدر پاکستان کا کہنا تھا بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، ہمیں ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے، دنیا کی ترجیح تنازعات کی بجائے انسانیت کو درپیش مسائل کا حل ہونا چاہیے، غربت، بھوک، نا انصافی، ظلم جیسے مسائل کے حل پر توجہ دینا ہو گی۔
صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا دنیا امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی حاصل نہیں کرسکتی، جنگیں اور تنازعات لوگوں کے لیے مشکلات اور مصائب میں اضافہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئیے امن، رواداری اور انسانی وقار کے احترام کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں، ہم سب ملکر ایک پرامن مستقبل اور ایک بہتر دنیا تشکیل دے سکتے ہیں، ہم ایسی دنیا تشکیل دے سکتے ہیں جہاں ہماری آئندہ نسلیں امن اور ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکیں۔