اسلام آباد (ڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہےکہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہا تھوں کشمیریوں کا قتل عام روکنےمیں ناکام ہے
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، رواں ہفتے 15 معصوم کشمیری شہید کردیے گئے، عالمی برادری معصوم کشمیریوں کا قتل عام روکنے میں ناکام ہے جب کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اکثریتی مسلم علاقوں کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، بھارت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دیں اور پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے تاہم بھارت پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔
نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو 70 سال کا عرصہ گزر چکا جب کہ بھارت ممکنہ رائے شماری کے نتائج پر اثر انداز ہونا چاہتا ہے، بھارت کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنا چاہتا ہے لہذا عالمی برادری بھارتی ہتھکنڈوں کا نوٹس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2017 میں ایل او سی کی خلاف ورزی 500 سے زائد مرتبہ کی گئی، یہ بھارت کی ایک چال ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے دنیا کی نظر ہٹائی جا سکے، بھارت چاہتا کہ ایل او سی پر فائرنگ کر کے ثابت کر سکے کہ سرحد پار سے دراندازی ہو رہی ہے تاہم حقیقت میں بھارت کشمیریوں کو مار رہا ہے