نیویارک(ڈیسک ) امریکہ میں ماہرین نے ایک ایسی چھوٹی بیٹری تیار کرلی ہے جو ہرقسم کے مضرجان لیوا اور زہریلے اجزا سے پاک ہے اور جسم کے اندر جاکر بدن میں مانیٹرنگ کے آلات کو بجلی فراہم کرے گی۔
اس کھانے والی بیٹری کو بالوں اور جلد میں پائے جانے والے قدرتی رنگ ‘ میلانن پگمنٹ’ سے تیار کیا گیا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس سے کینسر اور دیگر مہلک امراض کے علاج میں مدد بھی مل سکے گی اور اس کے مضر اثرات بھی بہت کم ہوں گے۔
اس بیٹری کو امریکن کارنیگی میلون یونیورسٹی کے ماہر کرسٹوفر بیٹنگر نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے تیار کیا ہے،ماہرین نے کیمرے والی ایک گولی بنائی ہے جو جسم میں داخل ہوکر اہم معلومات اور اندرونی تصاویر بھی بھیجتی رہتی ہے اور اپناکام مکمل کرکے جسم سے خارج ہوجاتی ہے لیکن کھائی جانے والی اور جسم میں ازخود گھل کر ختم ہونے والی بیٹریوں میں دوا رکھ کر اسے جسم کے اندر مطلوبہ مقامات تک پہنچایا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر کرسٹوفر کے مطابق یہ آلہ جسم کے اندر 20 گھنٹے تک رہے گی اور اس دوران جسم میں موجود امراض کی نشاندہی بھی کرےگی ۔ یہ بیٹری تقریبا18 گھنٹے تک کسی بھی آلے کو 5 ملی واٹ تک بجلی فراہم کرسکتی ہے۔ ڈاکٹر کرسٹوفر کے مطابق اس گولی میں دوا یا ویکسین شامل کرکے اسے جسم کے اندر شامل کیا جاسکتا ہے۔