ممبئی(اسٹاف رپورٹر)بالی ووڈ انڈسٹری کی شان کنگ خان آج اپنا ایکاونواں یوم پیدایش منا رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان آج ہی کے دن 1965 میں نئی دلی میں پیدا ہوئے جبکہ ان کے والد تاج محمد کا تعلق پاکستان کے شہر پشاور سے تھا تاہم وہ قیام پاکستان سے قبل ہی بھارت منتقل ہوگئے تھے۔ معروف اداکار شاہ رخ خان کی فلم دیوانہ 1992 میں ریلیز ہوئی یہ وہ فلم تھی جس سے انہوں نے اپنی فنی کیرئیر کا آغاز کیا جبکہ 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم”کرن ارجن” نےکنگ خان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا جس کے بعد کنگ خان نے مڑکر پیچھے نہیں دیکھا اور ایک کے بعد ایک کامیاب فلمیں انڈسٹری کو دیتے آرہے ہیں۔
بالی ووڈ کے اداکار شاہ رخ خان اپنے پورے فلمی کیرئیر میں مختلف کرداروں میں جلوہ گر ہوئے اور ہر کردار میں ڈوب کر اداکاری کے جوہر دکھائے جبکہ انہوں نے رومانوی کردار اس بخوبی انداز میں فلمائے کہ لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے بعد اب انہیں فلم نگری کا ’’شہنشاہ رومانیت‘‘ کہا جا تا ہے۔
شاہ رخ خان سے فلموں میں جاندار اداکاری کے ساتھ ساتھ باکس آفس پر بھی مقابلہ کرنا کسی بھی بڑے اداکار کے لیے ناممکن ہے جب کہ ان کی فلموں نے ہر دفعہ باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کر کے انہیں اداکاری ہی نہیں باکس آفس کا بھی ’’کنگ‘‘ ثابت کیا ہے۔
شاہ رخ خان نے اپنی 51 ویں سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر مداحوں کے بے پناہ پیار اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔