کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہد آفریدی کی طرف سے دیئے گئے متنازعہ بیان سے کرکٹ ماہرین میں ایک نئی بحث نے جنم لے لیا ہے۔
کچھ کرکٹ ماہرین شاہد آفریدی کی تائید کرتے ہو ئے نظر آرہے ہیں جبکہ کچھ شاہد آفریدی کو کڑی تنقید نشانہ بنا رہے ہیں۔
پاکستان کے سابق اوپنر بیٹسمین موجودہ کمنٹریٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ موجود ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ٹیلنٹ کی پہچان رکھنے والے موجودنہیں ہیں اور نا ہی نئے لوگوں کو آگے لایاجاتا ہے پاکستان میں 15 سال سے 4 کھلاڑیوں کا متبادل نہ ملنا مضحکہ خیز ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لئے ایسے لوگوں کو ذمہ داریاں دی جانی چاہیے جو ٹیلنٹ کی پہنچان رکھتے ہوں اوراس کے لئے نچلی سطح پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ایسے لوگ منیجمنٹ میں ہونا ضروری ہیں جو میرٹ کی بنیاد پر لوگوں کو آگے لائیں۔
اگر اسکول کی سطح پر نظام بہتر کیا گیا ہوتا ہے اور ڈومیسٹک لیول سے ٹیلنٹ کو تلاش کر کے انہیں مستقبل کیلئے تیار کیا گیا ہوتا تو آج پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی اس سے پہلے بھی ایسے بیانات دے چکے ہیں جس سے شائقین کے دلوں کو ٹھیس پہنچی ۔