دوحہ(این این آئی)سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز قطر کے دو روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات سے دوحہ پہنچ گئے ۔ ہوائی اڈے پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں نے ان کا استقبال کیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق قطر پہنچنے پر سرکاری اور عوامی سطح پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ شاہ سلمان کے تاریخی دورہ قطر کے موقع پر ثقافتی طائفے نے عرضہ رقص کے ساتھ ان کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر شاہ سلمان بھی عرضہ پر جھوم اٹھے اور انہوں نے روایتی رقص میں بھرپور حصہ لیا۔امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد کے پہلو میں کھڑے شاہ سلمان اپنی لاٹھی لہرا کر روایتی رقص کو داد تحسین پیش کرتے رہے۔ بعد ازاں انہوں نے دوحہ میں شاہی محل میں امیر قطر کے ساتھ ملاقات کی اور باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے کہاکہ سعودی عرب اور قطر خطے سے متعلق امور ،دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے مشترکہ کوششوں اور خطے میں امن و استحکام لانے کے حوالے سے یکساں موقف کے حامل ہیں۔اس سے قبل سعودی فرمانروا نے قطر سے پہلے متحدہ عرب امارات کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا ،انھوں نے ابوظبی میں یو اے ای کی قیادت سے ملاقات کی۔انھوں نے دورے کے آخری روز دبئی میں ’’الشندغۃ‘‘ کے تاریخی ثقافتی علاقے کا دورہ کیا ۔وہ عجائب گھر اور شیخ سعید آل مکتوم کے گھر بھی گئے جو 1896ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔