کراچی (اسٹاف رپورٹر ) صدر پارکنگ پلازہ میں سیکیوریٹی اہلکاروں پر فائرنگ کے حوالے سے تفتیشی رپورٹ میں 4افراد کے ملوث ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں کی گاڑی پر 8 فائر کئے گئے لیکن خول جائے وقوعہ سے نہ مل سکے ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزمان تھیلی میں اسلحہ چھپا کر لائے تھے۔
ابتدائی رپورٹ میں کہا جارہا تھا کہ حملہ آور 2موٹرسائیکلوں پر سوار تھے جبکہ حملہ میں 4 افراد ملوث ہیں ،چاروں ملزمان نے ہیلمیٹ پہن رکھے تھے، ملزمان نے فوجی جوانوں پر بائیں طرف سے 8 فائرکیے۔جس میں سے 2 گاڑی کو اور 6 جوانوں کو لگے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ سے کولیوں کے خول تو نہ مل سکے تاہم گولیوں کے تین سکے مل چکے ہیں ۔
جبکہ گزشتہ روز پاک فوج کے جوانوں پر حملے میں کا لعدم تنظیم کے اسپیشل ٹاسک فورس کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا ساتھ ہی یہ بھی کہا جارہا تھا کہ خول نہ ملنے کی ممکنہ وجہ بھی ہوسکتی ہے کہ ملزمان نے گن کے ساتھ بیگ رکھا ہوا ہو۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر پارکنگ پلازہ میں آرمی کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں دو سیکیوریٹی اہلکاروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا ۔