جدہ (امجد قائم خانی ) سعودی عرب میں جنرل کمیشن فار آڈیو ویژوئل میڈیا کی مجلسِ عاملہ نے مملکت میں سینیما ہاؤسز کھولنے کے خواہش مند افراد کے لیے لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ پیر کے روز سعودی وزیر ثقافت و اطلاعات عواد بن صالح العواد کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
لائسنسوں کا اجرا مقامات عامّہ پر سینیما ہاؤسز سے متعلق خصوصی فہرستوں کی تیاری مکمل ہونے کے بعد 90 روز کے اندر شروع کر دیا جائے گا۔
وزارت ثقافت و اطلاعات نے ایک اخباری بیان میں بتایا ہے کہ جنرل کمیشن فار آڈیو ویژوئل میڈیا مملکت میں سینیما کے افتتاح کے لیے مطلوب اقدامات کی منصوبہ بندی کا آغاز کرے گا۔ اس سلسلے میں پیش کیا جانے والا مواد مملکت کی میڈیا پالیسی کے معیار کے مطابق زیر نگرانی آئے گا۔ اس حوالے سے ایسے بامقصد مواد کے پیش کرنے کو یقینی بنایا جائے گا جو کسی طور اسلامی شریعت اور مملکت میں اخلاقی اقدار کے منافی نہ ہو۔
وزارت نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ یہ اقدام مملکت میں ثقافت اور میڈیا کے سیکٹر کی معیشت کو بہتر بنانے اور سعودی باشندوں کے لیے نئے شعبوں میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
باخبر ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت میں سینیما سیکٹر کے کام شروع کرنے کے نتیجے میں میں سعودی عرب کی مجموعی مقامی پیداوار میں تقریبا 90 ارب ریال کا اضافہ ہو گا۔ اس کے علاوہ سال 2030 تک ملازمتوں کے 30 ہزار مستقل جب کہ 1.3 لاکھ عارضی مواقع پیدا ہوں گے