اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف نے قائد ایم کیو ایم کے متنازع بیان کے بعد ایم کیو ایم سے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم سے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہےجبکہ پی ٹی آئی ترجمان نعیم الحق کا کہنا ہے کہ فاروق ستار سمیت تمام متحدہ اراکین اسمبلیوں سے مستعفی ہوں اور نئے سرے سے الیکشن میں حصہ لیں ۔نعیم الحق کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹرفاروق ستار اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے الطاف حسین سے نمائشی اظہار لاتعلقی کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، متحدہ رہنما مستعفی نہ ہوئے تو پی ٹی آئی سمجھیں گی کہ پس منظر میں متحدہ کے قائد الطاف حسین سے روابط برقرار ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق کا کہنا تھا کہ فاروق ستار سمیت متحدہ قومی موومنٹ کو 2013 میں الطاف حسین کا مینڈیٹ میسر آیا، متحدہ کے پارلیمنٹیرینز اسمبلیوں میں الطاف حسین کی نمائندگی کرتے تھے لہذا متحدہ قائدین اگر حقیقت میں الطاف حسین سے فاصلہ اختیار کر چکے ہیں تو ازسرنوعوام سے رجوع کریں۔