واشنگٹن (ڈیسک ) امریکی محکمہ خارجہ جان کربی نے پاکستانی ایٹمی اثاثوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی سلامتی کے اقدامات اطمینان بخش ہیں۔
واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران جان کربی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے حکومت کے کنٹرول میں محفوظ ہیں امریکہ کو پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کی سلامتی کے متعلق کوئی شبہ نہیں ہے۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے ایٹمی اثاثے کسی بھی صورت میں دہشتگردوں کے ہاتھ نہیں لگ سکتے اور مسئلہ کشمیرکے حوالے سے امریکہ کا مؤقف پرانا ہے ۔
مسئلہ کشمیر کے متعلق سوال پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کو خود براہ راست مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہوگا۔
پاکستان کو دہشتگرد ریاست قرار دینے سے متعلق آن لائن پٹیشن کے سوال پر جان کربی کا کہنا تھا کہ وہ پٹیشن کے بارے میں کچھ نہیں جانتے لیکن اتنا ضرورمعلوم ہے کہ پاکستان دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کررہا ہے۔