ساؤتھ ہیمٹن ( ڈیسک ) ٹیسٹ سیریز میں برابری اور رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کے بعد پاکستان کا انگلینڈ سے ون ڈے سیریز میں مقابلہ ہونے جارہا ہے، جس میں پاکستان رینکنگ میں 9 نمبر پر براجمان ہے۔ دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل بہترین پریکٹس کی ہے۔
جہاں انگلینڈ ٹیم کو انکے ہوم گراؤنڈ میں ہرانا ہمیشہ شاہینوں کے لئے مشکل رہا ہے اوربرطانوی کھلاڑی بھوکے شیر کی طرح اپنے حریف پر جھپٹنا جانتے ہیں وہیں انگلش سرزمین پر گرین شرٹس کی پرفارمنس بہترین انداز سے شروع ہوچکی ہے اور کرکٹرز کی نظریں ٹیسٹ کے بعد اب ون ڈے پر جمی ہیں اور شاہین بھی اس بار اپنی پرواز پہلے سے زیادہ تیز کرچکے ہیں۔
گرین شرٹس اس مرتبہ ناکامیوں کے اس تلخ سلسلے کوختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،دوسری جانب انگلینڈ گرم اور خشک موسم میں ایک ساتھ تین اسپنرز کو کھلانے پر غور کررہا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ انگلش کپتان مورگن نے گذشتہ 23 انٹرنیشنل (ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی 20) اننگز میں ایک بھی نصف سنچری اسکور نہیں کی جبکہ ان کے پاکستانی ہم منصب اظہر علی کو بھی آخری بار 50 اسکور کیے 12 اننگز بیت چکی ہیں۔
ایک روزہ سیریز پاکستان بامقابلہ انگلینڈ
پاکستانی کھلاڑیوں میں کپتان اظہر علی،محمد حفیظ ،بابراعظم،حسن علی،عماد وسیم،محمد عامر،محمد نواز، محمد رضوان،سمیع اسلم،سرفراز احمد، شرجیل خان،شعیب ملک،عمر گل،وہاب ریاض اور یاسر شاہ ٹیم میں شامل ہیں۔
دوسری جانب انگلینڈ ٹیم میں ایون مارگن،معین علی،جانی بیئرسٹو،جیک بال،جاز بٹلر.ڈاؤسن،الیکس ہیلز، کرس ہیلز،لائم پلینکٹ،عادل رشید،جوئے روٹ،جیسن رائے،بین اسٹوکس،ڈیوڈ ویلی،کرس ووکس اور مارک ووڈ کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان نے 2005 میں انگلینڈ کو انکے ہوم گراؤنڈ زیر کیا تھا جس کےبعد 2006 کی سیریز ڈرا ہوگئی تھی جبکہ 2010، 2012 اور2015 کی سیریز میں شاہینوں کو انگلش ٹیم سے شکست کا سامنابھی کرنا پڑا تھا۔
انگلینڈ ٹیم کو 1 روزہ میچز میں پاکستان سے برتری حاصل ہے جبکہ پاکستانی ٹیم ٹیسٹ سیریز میں برابر رہی اور آئر لینڈ سے ایک روزہ میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد زیادہ پراعتماد اور حوصلہ مندنظر آتی ہے ۔
واضح رہے پاکستان 2005 کے بعد سے برطانیہ کے خلاف ایک بھی ون ڈے سیریز میں جیت حاصل نہیں کرپایا اور 2006 کے بعد سے دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں انگلش ٹیم 18 میں سے 12 ون ڈے برطانیہ کے نام کر چکی ہے جب کہ آخری 9 میچوں میں سے انگلینڈ کو 8 میچوں میں کامیابی بھی حاصل ہوئی تھی۔
5 ون ڈے میچزکی سیریز کا پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 6 بجے شروع ہوگا۔