You are currently viewing پاکستانی سیکورٹی فورسز کی بروقت کاروائی،کرسچن کالونی میں دہشتگردوں کو  منہ توڑ جواب

پاکستانی سیکورٹی فورسز کی بروقت کاروائی،کرسچن کالونی میں دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب

پشاور(اسٹاف رپورٹر)ورسک ڈیم کے قریب کرسچن کالونی صبح سویرے  4 دہشتگردوں نے حملہ کردیا سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے چاروں دہشتگردوں کو مار گرایا۔

ذرائع کے مطابق پشاور میں ورسک ڈیم کے قریب واقع کرسچن کالونی میں آج صبح 4 مسلح دہشت گرد داخل ہوئے اور جدید ہتھیاروں سے حملہ کردیا تاہم واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا، فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت  گرد ہلاک اور 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق دہشت گرد افغان سم استعمال کر رہے تھے اور حملےکے دوران افغانستان میں ٹیلی فون کے ذریعے رابطے میں تھے ۔

پولیس اور فوج کی بھاری نفری نے ورسک ڈیم روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا ہے جبکہ کالونی کے رہائشیوں کو گھروں میں کچھ وقت کے لیے محصور کردیا گیا ہےاور  سیکیورٹی فورسز نے ورسک ڈیم، اسکول اور چرچ کا محاصرہ کر لیا ہے جبکہ  علاقے کو کلیئر کرنے کے لئے گھر گھر تلاشی لی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے پشاور میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوج،ایف سی اور پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کی جبکہ بغیر کسی جانی نقصان کے  دہشت گردوں کو مار گرانا نہ   صرف قابل تعریف ہےبلکہ فورسز کی اہلیت اور صلاحیت میں اضافہ بھی قابل قدر ہے۔