You are currently viewing پاکستان کو نئے نقطہ نظر سے دیکھنےکی ضرورت ہے،اعزاز چوہدری

پاکستان کو نئے نقطہ نظر سے دیکھنےکی ضرورت ہے،اعزاز چوہدری

واشنگٹن(ڈیسک)پاکسانی سفیر اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں اور لازوال کامیابیاں حاصل کی ہیں اس لئے پاکستان کو نئے نقطہ نظر سے دیکھنےکی ضرورت ہے۔

ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں امریکی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور پاک سرزمین کسی بھی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں اور لازوال کامیابیاں حاصل کی ہیں اس لئے پاکستان کو نئے نقطہ نظر سے دیکھنےکی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب میں پاک افغان سرحدی علاقوں سے دہشتگردوں کا خاتمہ کیا اور انسداد دہشتگردی کے باعث معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ افغانستان میں عدم استحکام کے اثرات پاکستان سمیت خطے پر مرتب ہوتے ہیں اس لئے افغانستان میں امن خطے میں امن کے لئے ناگزیر ہے۔ان کامزید کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کئی دہائیوں سے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی مل کرکام کرتےرہیں گے، پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورت حال کے باعث امریکا سمیت مختلف ملکوں سے سرمایہ کار پاکستان آ رہے ہیں۔