نیو یارک(ڈیسک ) امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف ہونے والے مظاہروں کو میڈیا کا پروپیگنڈہ قرار دے دیا کہتے ہیں امریکا بھر میں ہونے والے مظاہرے میڈیا کے اکسانے پر کیے جارہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ٹرمپ نے اپنے خلاف امریکا بھر میں ہونے والے مظاہروں پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی شفاف صدارتی انتخابات کے ذریعے ہوئی ہے، میڈیا کے اکسائے جانے پر شروع کیے گئے مظاہرے کھلی ناانصافی ہیں۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر یقینی کامیابی کے بعد امریکا کی مشرقی ساحلی ریاستوں واشنگٹن، بالٹی مور،فلا ڈیلفیا اور نیو یارک سمیت مغربی ساحلی ریاستوں لاس اینجلس، سان فرانسسکو،آکلینڈ، کیلی فورنیا اور ڈینور ریاستوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ڈینور میں ہونے والی سب سے بڑی ریلی میں ہزاروں لوگ شامل ہوئے۔
اس سے قبل ری پبلکن پارٹی کے رہنما ڈونلڈ جان ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے خلاف امریکا کے مختلف شہروں میں ہزاروں مظاہرین یہ کہتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور’ڈونلڈ ٹرمپ ہمارے صدر نہیں‘ کا نعرہ لگائے ۔