اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم میاں نواز شریف علاج کے بعد آج وطن واپس پہنچیں گے اس سلسلے میں قومی ائیر لائن کا بوئنگ 777طیارہ فلائٹ آپریشن کے لئے الگ کر لیا گیا ہے جس سے ادارے کو 30 کروڑ کا نقصان ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق میاں نواز شریف کی وطن واپسی پر پی آئی اے کو خصوصی طور پر ہدایت جاری کی گئی ہے جس پر بوئنگ 777طیارے کو فلائٹ آپریشن سے الگ کرلیا گیا ہے جبکہ طیارے میں وزیر اعظم نواز شریف ان کے ساتھیوں اور اہل خانہ کو وطن واپس لانے کے لئے خصوصی نشستیں لگادی گئی ہیں اور طیارے میں جراثیم کش اسپرے بھی کیا گیا ہے ۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر اعظم میاں نواز شریف آج لندن سے پاکستان واپس پہنچیں گے ان کے ہمراہ اہل خانہ اور دیگر وزیر و مشیر بھی ہوں گے۔
وزیراعظم نوازشریف کے لئے بوئنگ 777 کو فلائٹ آپریشن سے الگ کرنے پر قومی ادارے کو کم از کم 30 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا اس کے علاوہ اس سے امریکا ، ٹورنٹو ، پیرس اور مدینہ منورہ کی پروازوں میں بھی 18 گھنٹے تک تاخیرہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اوپن ہارٹ سرجری کے بعد کئی ہفتوں سے وہاں مقیم تھے انہوں نے عید الفطر بھی وہاں پر ہی کی اور آج ڈاکٹروں کی اجازت پر وطن واپس پہنچیں گے۔