کراچی (اسٹا ف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے دہشت گردوں کے علاج معالجے سے متعلق ڈاکٹر عاصم کیس کے ملزمان نامزد میئر وسیم اختر،رؤوف صدیقی ،انیس قائمخانی اور قادر پٹیل کی درخواست ضمانت میں توثیق مسترد کردی گئی جبکہ قادر پٹیل عدالت سےنکلنے میں کامیاب ہوگئے ۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں تفتیشی افسر اور وکلاء کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ساتھ ہی ملزمان اور عینی شاہد کے بیان کے بعد درخواست مسترد کردی گئی۔
رؤوف صدیقی نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاستدان ہیں تو کیا جیل جائیں ۔عدالت میں درخواست مسترد کیے جانا طے شدہ فیصلہ تھا جو کہ سیاسی انتقام کی بدترین مثال تھا ۔
دوسری جانب قادر پٹیل کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کیس سیاسی بنیاد پر بنایا گیا ہے عدالتی کاروائی کے دوران قادر پٹیل عدالت نکلنے میں کامیا ب ہوگئے جس کے بعد عدالت کے دروازے تمام ملزمان کے لئے بند کردئیے گئے ۔
ذرائع کے مطابق عدالتی کاروائی کے ختم ہونے بعد وسیم اختر ،رؤف صدیقی اور انیس قائم خانی کو باقاعدہ طور پر گرفتار کرلیا جائیگا تفتیشی افسران نے عدالت سے درخواست کی ہے گارڈز دیے جائیں تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جاسکے۔
عدالتی فیصلہ آجانے کے بعد اے ٹی ایس گیٹ پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے ۔