راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) آرمی جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ،ڈی جی آئی ایس آئی اور اعلیٰ عسکری حکام شریک ہوئے جبکہ وزیر دفاع،وزیرخزانہ،مشیرقومی سلامتی امورناصرخان جنجوعہ نے بھی شرکت کی۔
آرئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی کے متعلق اجلاس میں خطے کی صورتحال پرغورکیا گیا۔ جبکہ ملکی استحکام،خوشحالی کے خلاف ہونے والی سازشوں پر بھی غور۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی غیرملکی خفیہ ایجنسیوں،سہولتکاروں کو پاکستان میں کام کرنیکی ہرگزاجازت نہیں ہوگی جبکہ 21 مئی کو ہونے والے ڈرون حملے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ڈرون حملے سے پاکستان کی خودمختاری اور پاک امریکا اعتماد متاثر ہوا ہےجبکہ ڈرون حملے سے افغان امن عمل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں ملکی قیادت نے قومی مفاد کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی منفی ،بیرونی دباؤ کوقومی مفاد پر ترجیح نہیں دی جائیگی۔