حیدرآباد ( اسٹاف رپورٹر) وزیر صنعت و تجارت سندھ منظور وسان نے سندھ اسما ل انڈسٹریز کارپوریشن کے دفتر پر چھاپہ مارکر ایک ایم ڈی سمیت6 ڈائریکٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کردیاہے۔
تفصیلات کے مطابق ملازمین نےمنظور وسان سے 11 ماہ سے نہ ملنے والی تنخواہوں کا بھی شکوہ کرڈالاجبکہ وزیر صنعت و تجارت نےملازمین سے عید الاالضحی ٰسے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کا وعدہ بھی کیاہے ،منظور وسان چھاپے کے دوران قائم مقام ایم ڈی جاوید صبغت اللہ سمیت 6 ڈائریکٹر ز کی غیر حاضری پر برہم ہوئے اور انہوں نے تمام غیر حاضرافسران کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سخت ایکشن کا بھی عندیہ دے دیا ۔
وزیر صنعت و تجارت نے یہ بھی انکشاف کیا کہ326 ملازمین کی جگہ 875 ملازمین ہیں جنمیں سے صرف 123 ہی حاضر ہوتے ہیں ۔
اس موقع پر2 خواتین نے منظور وسان سے یہ شکوہ کیا کہ تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے دفتر آنے کے لئے پیسے نہیں ہیں ، جس پر وزیر صنعت نے دونوں خواتین کو اپنی جیب سے 5 ،5 ہزار روپے دیے اور دیگر ملازمین سے عیدالاالضحیٰ سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کا وعدہ بھی کیا۔