کراچی(اسٹاف رپورٹر) رواں برس عید الاضحیٰ کے موقع پر کوئی بالی ووڈ فلم ریلیز نہیں ہور ہی جس سے پاکستانی فلمسازوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رواں برس عید الاضحیٰ پر 3 پاکستانی فلمیں جاناں ، زندگی کتنی حسین ہے اورایکٹر ان لاءریلیز کی جارہی ہیں جبکہ اس سے قبل کئی پاکستانی فلم ساز اور ہدایت کار بھارتی فلمیں پاکستان میں ریلیز کرنے کی مخالفت اور مطالبہ کر چکے ہیں کہ پاکستانی سینیما گھروں میں بالی ووڈ فلموں پر پابندی عائد کی جائے تاہم اس سلسلہ میں متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
خوش قسمتی سے اس سال عیدقرباں پر پاکستانی فلمسازوں کی دعائیں رنگ لع آئیں اور رواں برس عید پر صرف پاکستانی فلمیں سینما گھروں کی زینت بننیں گی۔
فلم ‘جاناں’ آئی آر کے فلمز، ایم ایچ پروڈکشنز اور اے آر وائی فلمز کی مشترکہ پیشکش ہے۔ ریحام خان، حریم فاروق، منیر حسین اور عمران کاظمی کی پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کی ہدایات اظفر جعفری نے دی ہیں جبکہ فلم کی کاسٹ میں ارمینہ رانا خان، بلال اشرف اور علی رحمٰن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں مشی خان، عجب گل اور نیئر اعجاز شامل ہیں۔
فلم ‘ایکٹر ان لا’ کے مرکزی کرداروں میں فہد مصطفیٰ، مہوش حیات اوربھارت کے نامور اداکار اوم پوری شامل ہی جبکہ فلم کی پرڈیوسر فضا علی ہیں اور ہدایت کاری کے فرائض نبیل قریشی نے انجام دیے ہیں۔
فلم ‘زندگی کتنی حسین ہے’ میں مرکزی کرداروں میں معروف ڈرامہ اداکار سجل علی اور پاکستانی اداکارہ عمائمہ ملک کے بھائی فیروز خان شامل ہیں۔ یہ ان دونوں کی پہلی فلم ہےجبکہ فلم کے ڈائریکٹر انجم شہزاد ہیں جن کی ایک اور فلم ’ماہ میر‘ بھی رواں برس سینما گھروں کی زینت بن چکی ہے۔
تجزیہ نگاروں کا اس حوالےسے کہنا ہے کہ بالی ووڈ فلمیں ریلیز نہ ہونے کے باوجود بھی یہ اگر فلمیں شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہیں تو یہ اس بات کا ثبوت ہوگا کہ ہماری فلم انڈسٹری کو مزید ترقی دینے کی ضرورت ہے۔