لاہور(ڈیسک)لاہور ہائی کورٹ نے ایک ماہ میں مستقل آئی جی پنجاب تعینات کرنے کا حکم دےدیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پولیس آرڈر 2002پر مکمل عمل درآمد کرنے کی درخواست پر چیف جسٹس منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی ۔دوران سماعت درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس آرڈر کے تحت پولیس کو غیر سیاسی کرنا لازمی ہے اور پولیس آرڈر 2002میں قائم مقام آئی جی لگانے کی گنجائش نہیں۔قائم مقام آئی جی لگانے کا کوئی قانون موجود نہیں ہے لیکن اس کے باوجود مستقل کے بجائے قائم مقام آئی جی لگا دیا گیا، پولیس آرڈر کے تحت آئی جی کی تعیناتی نیشنل پبلک سیفٹی کے تحت ہوگی ۔عدالت عالیہ نے پنجاب میں ایک ماہ میں مستقل آئی جی لگانے کا حکم دیتے ہوئے صوبائی ڈسٹرکٹ سیفٹی کمیشن بھی قائم کرنے کا حکم دے دیا۔