اسلام آباد(ڈیسک)آئی بی سرکاری اعلی عہدوں پرتعینات سرکاری ملازمین کا ڈیٹا اکٹھا کرتی ہے، پاناما کیس بڑا اہم اوراس کے ملکی سیاست پر بڑے اثرات پڑرہے ہیں،اس لیے آئی بی نے جے آئی ٹی ارکان کے کوائف جمع کیے،ڈائریکٹر جنرل آئی بی نےاعترافی جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی انٹیلی جنس ادارے آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل آفتاب سلطان نےسپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا ہے کہ آئی بی سرکاری اعلی ٰعہدوں پرتعینات سرکاری ملازمین کا ڈیٹا اکٹھا کرتی ہے، پاناما کیس بڑا اہم کیس ہے اوراس کے ملکی سیاست پر بڑے اثرات پڑرہے ہیں۔ اس لیے وفاقی انٹیلی جنس ادارے نے جے آئی ٹی ارکان کے کوائف جمع کیے تاہم جے آئی ٹی کے کسی بھی رکن کوحراساں یا ان کی نجی زندگی میں مداخلت نہیں کی گئی۔ڈائریکٹر جنرل آئی بی کا مزید کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رکن بلال رسول اوران کی اہلیہ کوحراساں نہیں کیا گیا، بلا ل رسول اور ان کے اہل خانہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک کرنے کا الزام بھی غلط ہے، جے آئی ٹی ارکان کے حوالے سے معلومات جمع کرنے کے عمل کا افشا ہونا تشویشناک ہے۔ آئی بی نے اس حوالے سے مؤثرانداز میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔واضح رہے کہ پاناما جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں سرکاری اداروں کی جانب سے تحقیقاتی عمل میں رکاوٹ ڈالنے، سرکاری دستاویزات میں رد وبدل اورجے آئی ٹی ارکان کو دھمکیاں دینے کی شکایت کی ہے۔