اسلام آبا د (ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھا رتی فوج کی جانب سے ریاستی دہشت گردی جاری ہے،بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد شہید، وادی میں ایک بار پھر کرفیو نافذ، وادی میں موبائل، انٹرنیٹ سروس معطل، تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج نے ایک بار پھر نہتے کشمیریوں پر اپنی بندوقوں کے منہ کھول دیے۔ وادی میں جاری بھارتی فوج کے آپریشن کیخلاف کشمیریوں نے مظاہرہ کیا جس پر بھارتی فوج نے مظاہرین پر بلااشتعال شیلنگ اور فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ سے خاتون سمیت 2 کشمیری شہید ہوگئے۔
بھارتی فوج نے بر بریت کا سہارا لیتے ہوئے حسب روایت نہتے کشمیریوں پر بلا دریغ پیلٹ گن کا استعمال بھی کیا، جس سے درجنوں مظاہرین زخمی ہو گئے۔ ادھر کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق قابض فوج نے جون کے مہینے میں 37 کشمیریوں کو موت کی وادی میں دھکیل دیا، وادی میں کرفیونافذ جبکہ موبائل، انٹرنیٹ سروس اور تعلیمی ادارے بھی بند کر دیئے گئے ہیں