بنی گالہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے دھرنا موخر کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
بنی گالہ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کپتان نے دھرنا مؤخر کرنے کا اعلان کیا اور عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا کہ نوازشریف کی پرسوں سے تلاشی شروع ہوگی، سپریم کورٹ کی کارروائی سے خوشی ہوئی، نوازشریف احتساب سے بھاگ رہے تھے اور کرپشن کے خلاف 20 سال سے جدوجہد کررہا ہوں۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کارکنان سے مخاطب ہوکر کہا کہ کرپشن کے خلاف جدوجہد میں جو ساتھ رہے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جوپہاڑیاں چڑھ کرآئے ان کو مبارک باد دیتا ہوں، سب سے زیادہ خراج تحسین پرویزخٹک اوران کی ٹیم کو پیش کرتاہوں، تمام کارکن واپس گھروں کو جائیں،کل اسلام آباد واپس آنا ہے۔
کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ہرکوشش کی کہ پارلیمنٹ میں انصاف مل جائے، نہیں ملا، سپریم کورٹ کو خراج تحسین،نواز شریف سے جواب طلب کرلیا، دونوں شریفوں کو چالیس سال سے جانتا ہوں اور اسلام آباد کی انتظامیہ ناکوں کوکھولے ورنہ ہم زبردستی کھولیں گے۔
عمران خان نے آخر میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام لوگ اللہ کا شکراداکرنے کے لیے کل پریڈگراؤنڈپہنچیں، پریڈ گراؤنڈ میں بڑا مجمع اکٹھا کریں گےاور یہ جیت سارے پاکستان کی جیت ہوئی ہے۔